بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فوڈ پانڈہ بوائے کے قتل میں ملوث ایک ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا،آئی جی اسلام آباد

فوڈ پانڈہ میں کام کرنے والے لمز یونیورسٹی کے طالب علم قاسم اعوان کے قتل میں ملوث ایک ملزم محسن علی خان ایک پولیس مقابلہ کے دوران ہلاک ہو گیا۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایف نائن پارک میں نوجوان قاسم اعوان کو فائرنگ کر کے قتل کیا ۔دیگر فرار ملزمان کی گرفتار ی کے لئے ریڈ کئے جارہے ہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد ڈاکٹراکبر ناصر خاں نے سنٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مورخہ05جون 2022کو ایف نائن پارک میں ایک قتل کی واردات ہوئی جس میں فوڈ پانڈہ میں کام کرنے والے ایک نوجوان قاسم اعوان کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔وقوعہ کے متعلق تھانہ مارگلہ میں مقدمہ نمبر285بجرم 394/302/34ت پ تھانہ مارگلہ درج ہے ۔آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ پولیس کے لئے یہ ٹیسٹ کیس تھا ایس پی صدر کامران عامر خان معہ ٹیم نے کیس پر جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورسز کی مدد سے دن رات انتھک محنت کی اور وقوعہ میں ملوث ایک ملزم محسن علی خان ولد عطاءمحمد سکنہ ڈاکخانہ شیرآباد چک کوڑیانہ ضلع جھنگ کو گرفتار کرلیا۔ملزم نے دوران انٹیروگیشن بتایا کہ جو گن قتل کے وقوعہ میں استعمال ہوئی تھی وہ ملزم امتیاز اللہ خان کے ہمراہ برساتی نالہ گرین ایریا نزد خداداد ہائیٹس ای الیون کے پاس چھپا دی تھی ۔ملزم کے انکشاف کی تصدیق کے لئے پولیس ٹیم نے ملزم کولئے کر نشاندہی والی جگہ پر پہنچی تو ملزم نے گاڑی رکوا ئی اور جونہی پولیس برساتی نالہ کی طرف رخ کیا تو اچانک ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی سے چار اشخاص اترے تو گرفتار ملزم محسن علی خان نے ایک شخص کا نام امتیاز اللہ پکارا ساتھ ہی چاروں ملزمان نے پولیس پارٹی پر بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی ۔ پولیس نے حفاظتی اقدامات کی بدولت فائرنگ سے محفوظ رہی جبکہ فائرنگ کے دوران ملزمان اپنے ساتھ محسن علی خان کو پولیس حراست سے چھڑوا کر فرار ہوگئے جس کا مقدمہ تھانہ گولڑہ میں درج کر لیا گیا ۔ تھانہ بھارہ کہو کے علاقہ میں ایس ایچ او اور ٹیم ناکہ لگا کر معمول کی چیکنگ کر رہی تھی کہ انہوں نے ایک گاڑی کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی۔ پولیس نے بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی ، اسی دوران ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ جب پولیس نے چیک کیا تو ایک ملزم مردہ حالت میں پایا گیا جس کے پاس ایک کلاشنکوف بھی ملی ۔ملزم کی بعد میں شناخت محسن علی خان کے نام سے ہوئی ۔ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا اوراس وقوعہ کے متعلق تھانہ بھارہ کہو میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ باقی ملزمان کی گرفتار ی کے لئے پولیس ٹیمیں ریڈ کررہی ہیں ۔ ابھی یہ کیس ختم نہیں ہوا جلد ہی تمام ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ گزشتہ دنوں پیزا ڈیلیوری بوائے کے ساتھ زیادتی کا کیس ہوا جس کے ملزمان کو فوری طورپر گرفتار کر کے اسلحہ برآمدکرلیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان مرتب کر کے ملزمان کو سزاد دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی صدر اور ان کی ٹیم کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

Back to top button