
پاک افغان سرحدی علاقوں میں بھارتی حمایت یافتہ 26 خوارج ہلاک
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحدی علاقوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے منصوبہ سازوں اور سرغنوں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کارروائیوں میں بھارت کے حمایت یافتہ 26 خوارج ہلاک ہوئے۔
اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے بعد کی گئیں، جن میں گزشتہ روز موسیٰ درہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر حملہ، 2 جون کو شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ اور 9 مئی کو بنوں پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ شامل ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مستند خفیہ معلومات کی بنیاد پر فتنہ الخوارج کے مخصوص کیمپوں اور ٹھکانوں پر انتہائی مؤثر انداز میں کارروائی کی گئی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اس دوران 4 اہم اہداف مکمل طور پر تباہ کر دئیے گئے، جن میں ایک تربیتی مرکز، ایک محفوظ ٹھکانہ، اسلحے اور گولہ بارود کا ذخیرہ اور فتنہ الخوارج کے کمانڈروں علیم خان خوشحالی اور اختر محمد جانی خیل کے مراکز شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں رہا ہے، تاہم اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔















