بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کی صوبوں کو ضلعی سطح پر اپنا گھر سکیم کیلئے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے زمینوں کے کاغذات کے حصول میں تیزی لانے کے لیے صوبوں کو ضلعی سطح پر اپنا گھر سکیم کے لیے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسلام آباد میں اپنا گھر سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنا گھر سکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے۔ اگر اسی رفتار سے آگے بڑھیں گے تو اپنے گھر کے زیادہ سے زیادہ خواہشمند افراد کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس سکیم کی کامیابی سے تعمیرات کے شعبے میں تیزی آئے گی، اس شعبے سے منسلک صنعتوں کو فروغ ملے گا اور معاشی ترقی کی رفتار بڑھے گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو شہریوں کے لیے اپنا گھر سکیم میں شمولیت اختیار کرنے کے عمل میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزارت ہاؤسنگ کو سٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر اپنا گھر سکیم کے درخواست فارم کو آسان فہم بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بینکوں کو اپنا گھر سکیم کی درست درخواستوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے اس سکیم کے حوالے سے پورے ملک میں آگاہی مہم کو بھی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائم منسٹر اپنا گھر سکیم کی مد میں اب تک مجموعی طور پر 11 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں۔ملک بھر سے 67900 افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں، جس میں سے 16587 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جب کہ 3146 افراد کو قرضوں کی ادائیگی ہو چکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کو اپنا گھر سکیم کے درخواست فارمز کو 15 دن کے اندر پراسیس کرنے کا پابند بنایا ہے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button