
ضلع کیچ میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی تین نئے منصوبوں کی منظوری
ضلع کیچ میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو فیز-3 کے تحت تین نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔یہ منظوری تربت میں منعقدہ اجلاس کے دوران دی گئی جس کی صدارت انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (ساؤتھ) نے کی۔
اجلاس میں ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، منشیات کی روک تھام اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ مدارس کی رجسٹریشن، اوپن کچہریوں اور جرگہ سسٹم کی کارکردگی سمیت دیگر عوامی مسائل پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان اور سول انتظامیہ مل کر صوبے میں امن، ترقی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روزگار کے مواقع بڑھانے اور اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت۔














