
وزیراعظم کی پاکستان ریلوے میں جامع اصلاحات کیلئے تذویراتی لائحہ عمل کی منظوری
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے میں جامع اصلاحات کے لیے تذویراتی لائحہ عمل کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اصلاحات کے لائحہ عمل پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین اور کنسلٹنٹس کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو تذویراتی لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں مسافروں اور مال برداری کے شعبوں میں مارکیٹ کی شراکت داری بڑھانے کے اہداف شامل ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجی اور سرکاری شعبے کی شراکت داری کے ذریعے پاکستان ریلوے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ترقی سے علاقائی روابط مضبوط ہوں گے اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریلوے کی زمینوں پر نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی آمدن کو ریلوے نظام کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے۔















