
صدر مملکت کا روس کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے روس کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف عوام کے مفاد بلکہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بھی اہم ہے۔
اسلام آباد میں روس کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، روسی حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ روس کا قومی دن اس کی آزادی، تاریخی ورثے اور عوام کے عزم و حوصلے کی علامت ہے۔
صدر مملکت نے 2011 میں اپنے دورۂ روس کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے دونوں ممالک کو قریب لانے اور باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سابق سوویت یونین کے تعلقات کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی، جبکہ اس ورثے کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور بعد ازاں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آگے بڑھایا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات مسلسل مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور وزرا و اعلیٰ حکام کے باقاعدہ روابط اس پیش رفت کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کئی دہائیوں میں پاک-روس تعلقات کا سب سے مثبت مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان روس کو ایک اہم عالمی طاقت اور قابلِ اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے۔ دونوں ممالک مساوات، مکالمے اور ترقی پذیر ممالک کی مضبوط آواز کے اصولوں پر یقین رکھتے ہیں، جو بین الاقوامی فورمز پر ان کے تعاون کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان توانائی، صنعت، زراعت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت تقریباً 1,300 پاکستانی طلبہ روس میں زیرِ تعلیم ہیں، جن میں سے متعدد روسی وظائف پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور دونوں معاشروں کے درمیان ایک مضبوط رابطہ بن رہے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں اعلیٰ سطح کے رابطے مزید بڑھیں گے، جس سے اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا اور پاک-روس تعلقات کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔















