
کراچی اور لاہور میں پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں باوقار تقاریب
کراچی اور لاہور گیریژن میں پاک فوج کے شہداء اورغازیوں کے اعزاز میں باوقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔کراچی میں منعقدہ تقریب میں شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں، بے لوث خدمات اور لازوال جذبۂ حب الوطنی کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پاک فوج کےغازیوں اور جامِ شہادت نوش کرنے والے شہداء کے لواحقین کو ستارۂ امتیاز(ملٹری)، تمغۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ بسالت کے اعزاز سے نوازا گیا۔کور کمانڈر کراچی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے گفتگو کی اور شہداء کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران اور شہداء کے قریبی رشتہ داروں نے بھی شرکت کی۔لاہور گیریژن میں بھی پاک فوج کے شہداء اورغازیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
جی او سی لاہور گیریژن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر جی او سی لاہور گیریژن کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہے۔جی او سی لاہور گیریژن نے پاک فوج کی جانب سے شہداء اور غازیوں کے لواحقین کو ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔















