بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

حسن علی کا ورچوئل ری ہیب سیشن کی طرف مثبت رجحان

فاسٹ باؤلر حسن علی نے کمر کی انجری سے چھٹکارے کے لیے ترتیب دئیے گئے ورچوئل ری ہیب سیشن کی طرف مثبت رجحان ظاہر کیا ہے۔ طبی ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ حسن علی کو سرجری کی ضرورت نہیں پڑے گی اور وہ توقعات سے قبل ہی مسابقتی کرکٹ میں واپس آسکتے ہیں۔

حسن علی نے گذشتہ ہفتے 2 گھنٹوں پر محیط آن لائن ری ہیب سیشن میں شرکت کی۔ اس سیشن کی نگرانی لاہور کے معروف نیوروسرجن آصف بشیر، آسٹریلیا میں مقیم ممتاز اسپائنل تھراپسٹ پروفیسر پیٹر او سولیون اور پی سی بی کی میڈیکل ٹیم نے کی۔

پینل کے مطابق اس سیشن کے نتائج حوصلہ افزاء رہے ہیں اور وہ آئندہ5 ہفتے حسن علی میں بہتری کے اثرات کا جائزہ لیتے رہیں گے۔جس کے بعد ہی وہ اس حوالے سے کوئی دوسرا قدم اٹھانے کا فیصلہ کریں گے۔

ڈائریکٹر پی سی بی میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں حسن علی کا جسم کے ایک ہی حصے سے دو مرتبہ انجریز کا شکار ہونا کوئی معمولی بات نہیں، نتیجتاً ہم نے چند بہترین اور تجربہ کار ماہرین سے مشاورت کی۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی آن لائن ری ہیب سیشن کے بعد ماہرین کی آراء جان کر خوشی ہوئی ہے کہ حسن علی میں انجری کی علامتی واپسی کے کوئی اثرات ظاہر نہیں ہوئے تاہم یہ ری ہیب پروگرام کے ابتدائی ایام ہیں اور ہم اس ضمن میں مزید کسی بھی مشترکہ فیصلے سے قبل آئندہ 5 ہفتوں تک فاسٹ باؤلر کی انجری میں بہتری کے اثرات کا جائزہ لیتے رہیں گے۔

مزید پڑھیے  پی سی بی کا شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور سے لیز پر اتفاق

اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کرکٹ میں واپسی کے لیے حسن علی کی مالی معاونت کرے گا۔پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ انجری کے باعث حسن علی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم رہ جانے کے سبب کیا گیا۔

Leave a Reply

Back to top button