
آئرلینڈ ٹرائی سیریز، پاکستان ویمن کو میزبان آئرلینڈ کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست
آئرلینڈ میں جاری ٹرائی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آئرلینڈ ویمن نے کلونٹارف کرکٹ کلب، ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ آئرش ٹیم نے 177 رنز کا ہدف پانچ گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ یہ پاکستان ویمن کی سیریز میں دوسری مسلسل شکست ہے اس سے قبل اسے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔ سدرہ امین 41 گیندوں پر 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ منیبہ علی نے 33 گیندوں پر 36 رنز اسکور کیے۔ گل فیروزہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 15 گیندوں پر 32 رنز بنائے، جبکہ عالیہ ریاض نے 14 گیندوں پر 21 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔
آئرلینڈ کی جانب سے جین کیننگ سب سے کامیاب باؤلر رہیں، جنہوں نے چار اوورز میں 35 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ آرلین کیلی، اورلا پرینڈرگاسٹ اور کارا ڈیلزل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ ویمن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔ سارہ فوربز اسٹوکل 42 گیندوں پر ناقابلِ شکست 60 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ ایمی ہنٹر نے 44 گیندوں پر 56 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ اورلا پرینڈرگاسٹ نے صرف 17 گیندوں پر 33 رنز اسکور کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی باؤلنگ لائن آئرش بیٹرز کو روکنے میں ناکام رہی۔ رامین شمیم نے تین اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر رہیں، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس فتح کے ساتھ آئرلینڈ ویمن نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر یادگار کامیابی حاصل کی اور اعتماد کے ساتھ مشکل ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔















