بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

نیشنل ٹی 20 کپ فائنل: کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد کل ٹرافی کے لیے مدمقابل

اے بی ایس ڈیولپرز کے زیرِ اہتمام نیشنل ٹی 20 کپ 2025-26 کا فائنل کل (اتوار) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی وائٹس اور ایبٹ آباد کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ کا آغاز رات 8 بجے ہوگا جبکہ ٹاس شام 7:30 بجے کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق شائقین کرکٹ کے لیے عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز میں داخلہ مفت ہوگا۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی فائنل کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

دونوں ٹیمیں جمعہ کو لاہور پہنچ چکی ہیں جبکہ ہفتہ کی شام قذافی اسٹیڈیم میں بھرپور تربیتی سیشن میں حصہ لیا جائے گا۔

نیشنل ٹی 20 کپ کے گروپ مرحلے اور سیمی فائنلز 7 سے 17 مارچ تک پشاور میں کھیلے گئے تھے، تاہم فائنل بعد ازاں ری شیڈول کیا گیا۔ کراچی وائٹس نے اپنے گروپ میں دو جبکہ ایبٹ آباد نے تین فتوحات کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پہلے سیمی فائنل میں کراچی وائٹس نے سیالکوٹ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسرا سیمی فائنل لاہور وائٹس کی بیٹنگ مکمل ہونے کے بعد مسلسل بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا، جس کے بعد ایبٹ آباد گروپ مرحلے میں بہتر پوزیشن کی بنیاد پر فائنل کے لیے کوالیفائی کر گیا۔

ایبٹ آباد کی قیادت قومی آل راؤنڈر شاداب خان کریں گے جبکہ کراچی وائٹس کی کپتانی سعود شکیل کے سپرد ہوگی۔ سعود شکیل اس سیزن میں قائداعظم ٹرافی جیتنے کے بعد کراچی وائٹس کو بھی چیمپئن بنا کر ڈبل ٹائٹل حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

بیٹنگ میں ایبٹ آباد کے کامران غلام 223 اور شہزیب خان 160 رنز کے ساتھ نمایاں ہیں۔ کامران غلام کو ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز حسن نواز (227 رنز) کو پیچھے چھوڑنے کا موقع بھی حاصل ہوگا۔ کراچی وائٹس کی جانب سے عبداللہ فضل 189 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز ہیں۔

باؤلنگ میں ایبٹ آباد کے شہاب خان 13 اور شاداب خان 9 وکٹوں کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں، جبکہ کراچی وائٹس کے محمد عمر اپنی تیز باؤلنگ سے 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے اور ٹرافی دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم 25 لاکھ روپے اور ٹرافی حاصل کرے گی۔ بہترین کھلاڑیوں کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔

ایبٹ آباد کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور وہ لاہور میں کامیابی کے ساتھ مہم کا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب کراچی وائٹس کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ ان کی ٹیم اس سیزن میں بہترین فارم میں ہے اور نیشنل ٹی 20 کپ جیت کر ایک اور ٹرافی اپنے نام کرنا چاہتی ہے۔

کرکٹ شائقین ایک سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے منتظر ہیں جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button