بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

محمد عامر کس بھارتی بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے خواہاں؟

پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر نے اس بھارتی بیٹسمین کا نام بتا دیا ہے جسے وہ آؤٹ کرنے کے خواہاں ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ بلے باز ویرات کوہلی نہیں ہیں ۔

2017ء آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف محمد عامر کے تباہ کن سپیل کو شائقین کرکٹ بھلا کیسے بھول سکتے ہیں ۔ اس میچ میں محمد عامر کی طوفانی باؤلنگ نے بھارتی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ کر رکھ دی اور پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ۔ محمد عامر نے صف اول کے تین بھارتی بلے بازوں روہت شرما، شیکھر دھون اور ویرات کوہلی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔

اس طوفانی سپیل میں محمد عامر نے بھارت کے کامیاب بیٹسمین روہت شرما کی کمزوری کی بھی نشاندہی کرادی اور وہ یہ کہ روہت شرما اندر آتی ہوئی گیند کے خلاف مشکلات کا شکارہوتے ہیں۔

حال ہی میں محمد عامر سے ایک انٹرویو میں سوال پوچھا گیا کہ وہ کون سا بیٹسمین ہے جسے وہ آؤٹ کرنے کے خواہاں ہیں ۔ جواب میں محمد عامر نے کہا کہ بہت سے اچھے بیٹسمین ہیں لیکن وہ روہت شرما کو آؤٹ کرنا چاہیں گے ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 2017ء چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل بھارتی بلے باز روہت شرما نے محمد عامر کو ایک ‘نارمل’ باؤلر کے طور پر ٹیگ کیا لیکن وہ خود اپنے کپتان سمیت اسی باؤلر کے ہاتھوں بری طرح آؤٹ ہوئے ۔ محمد عامر اس سارے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ روہت شرما کی ان کے بارے میں اپنی رائے تھی اور وہ اس رائے کا حق رکھتے ہیں ۔ شاید اب ان کی رائے بدل گئی ہو لیکن ایک بات واضح ہے، وہ روہت شرما کو کبھی بھی عام بلے باز نہیں کہیں گے ۔ محمد عامر کا کہنا ہے کہ بھارت کے لئے روہت کا ریکارڈ بہت عمدہ ہے اور وہ ان کا احترام کرتے ہیں ۔

شائقین کرکٹ مستقبل میں محمد عامر اور روہت شرما کے درمیان عمدہ مقابلے کے منتظر ہیں ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ دونوں کب آمنے سامنے آئیں گے ۔

Leave a Reply

Back to top button