بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا برائن لارا کے حوالے سے بڑا بیان

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے دعوی کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لیجنڈ برائن لارا کو
ان کی آف سپن باؤلنگ کھیلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے بازوں کو ہمیشہ ان کی باؤلنگ کا سامنا کرنے میں دشواری پیش آتی رہی ہے ۔ محمد حفیظ کہتے ہیں کہ انھوں نے دائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں کو بھی اچھی بولنگ کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کی باؤلنگ کے اعداد وشمار پر نظر ڈالی جائے تو ان کی کارکردگی دائیں اور بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بلے بازوں کے خلاف یکساں ہے ۔ محمد حفیظ کہتے ہیں کہ انھوں نے اپنے پسندیدہ بلے باز برائن لارا کو بھی آؤٹ کیا ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ محمد حفیظ نے ایک بار ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک بار ٹیسٹ کرکٹ میں لارا کو آؤٹ کرنے کا اعزاز حاصل کیا ۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ برائن لارا نے بھی اعتراف کیا کہ انہیں ان کی باؤلنگ کے خلاف بیٹنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا سے تعلق رکھنے والے محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ان کے کیریئر میں ان کی باؤلنگ نے ان کا بہت ساتھ دیا ہے ۔ محمد حفیظ کہتے ہیں کہ اگر کسی میچ میں وہ بیٹ کے ساتھ پرفارم نہ کرسکے تو وہ اپنی بولنگ سے اس کمی کو پورا کرتے تھے ۔

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے 39 سالہ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا سوچ رہے ہیں، چاہے یہ ورلڈ کپ اگلے سال تک ملتوی کردیا جائے ۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ وہ اپنے کیریئر کو اچھے اندازمیں ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔ اپنی فٹنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کہتے ہیں کہ وہ خود کو فٹ رکھنے پر بھرپور توجہ دیتے ہیں اور حالیہ برسوں میں ان کی کارکردگی نمایاں رہی ہے ۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم میں انتخاب کے لئے دستیاب ہیں ۔

Leave a Reply

Back to top button