بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

بھارتی حکام نے انعام یافتہ فوٹوگرافر ثنا ارشاد کو امریکا میں پلٹزر ایوارڈ حاصل کرنے جانے سے روک دیا

بھارتی حکام نے انعام یافتہ فوٹوگرافر کو امریکا میں پلٹزر ایوارڈ حاصل کرنے جانے سے روک دیا، حالیہ دنوں میں متعدد کشمیری صحافیوں پر ملک سے باہر جانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ثنا ارشاد ان چار صحافیوں میں سے ایک ہیں جو رائٹرز نیوز ایجنسی کے لیے کام کرتی ہیں، انہیں رواں برس فوٹوگرافی کے معتبر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

28 سالہ صحافی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں زندگی کے حوالے سے ڈاکومینٹری بنانے پر داد و تحسین حاصل کی ہے۔

ثنا ارشاد کو نئی دہلی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے روکا جبکہ ان کے دو ساتھیوں کو ملک سے جانے کے اجازت دے دی گئی۔

بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹ میں اپنے منسوخ ٹکٹ کی تصویر شیئر کی۔

انہوں نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کہنا ہے، میرے لیے زندگی میں یہ ایک بار کا موقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی وجہ کے صرف مجھے روکا گیا جبکہ دوسروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی، ہوسکتا ہے کہ کشمیری ہونے کی وجہ سے میرے ساتھ یہ کچھ ہوا ہو۔

یہ دوسرا موقع تھا جب ثنا ارشاد مٹو کو بھارت سے جانے سے روکا گیا۔

جولائی میں بھی انہیں اسی طریقے سے ایئرپورٹ پر پیرس جانے سے روکا گیا تھا، جہاں انہیں اپنی کتاب کی افتتاحی تقریب اور فوٹوگرافی نمائش میں شرکت کرنا تھی۔

Back to top button