بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

بھارت سازش کے تحت تحریک آزادی کے رہنما ئوں کو ختم کر رہا ہے: عبدالصمد انقلابی

سرینگر(ITeA) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے تحریک آزادی کے ممتاز رہنما اشرف صحرائی کو انکی شہادت کی پانچویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اشرف صحرائی 5 مئی 2021کو جموں میں بھارتی پولیس کی حراست میں انتقال کر گئے تھے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محمد اشرف صحرائی مزاحمت کی علامت اور قربانیوں کا مجسمہ تھے۔انہوںنے کہا کہ شہید کی قربانیاں اور جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد اشرف صحرائی نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کے لیے وقف کیے رکھی اور بیش بہا قربانیاں دیں، انہیں کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے مطالبے کی پاداش میں برسوں مظالم کا نشانہ بنایا جاتا رہا ، انکے ایک بیٹے کو بھی شہید کیا گیا لیکن وہ ثابت قدم رہے اور ظالموں کے آگے کبھی نہیں جھکے۔

سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ محمد اشرف صحرائی کو بغیر کسی طبی امداد کے ساتھ ایک طویل وقت تک ڈیتھ سیل میں رکھا گیا جس کے نتیجے میں انکی شہادت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت تحریک آزاد ی کے رہنمائوں کو ختم کر رہا ہے جسکا مقصد کشمیریوں کو قیادت سے محروم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے عظیم قائد سید علی گیلانی،اشرف صحرائی اور الطاف احمد شاہ کی دوران نظربندی شہادت بھارت کے مذموم عزائم کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہنم نما بھارتی جیلوں میں قید سینکڑوں کشمیریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں ،بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو مار تو سکتا ہے لیکن انکے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کشمیریوں کے حقیقی ہیرو ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انکے مشن کو مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی بہادرانہ جدوجہد کامیاب ہوگی، انکی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اوروہ بھارت کی غلامی سے نجات پائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button