بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

جماعت اسلامی کے سابق امیر محترم شیخ محمد حسن صاحب طویل علالت کے بعد آج صبح وفات پا گئے

إِنَّا لِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی اس عظیم سانحہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دینی، سماجی اور تنظیمی خدمات کے لیے وقف رکھی۔ دنیا بھر میں تحریک اسلامی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں احباب کے لیے یہ خبر بڑے افسوس کے ساتھ سنی اور پڑھی گئی کہ سابق امیر جماعت اسلامی جموں کشمیر امیر محترم شیخ محمد حسن صاحب طویل علالت کے بعد آج جہان فانی سے رخصت ہو گئے۔

وہ گزشتہ کئی برسوں سے بہت سے امراض میں مبتلا تھے، ان کی طبیعت میں اتار چڑھاؤ کافی عرصے سے جاری تھا لیکن ایک ہفتے قبل ان کو اچانک طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور وارڈ میں زیر علاج تھے، سابق امیر جماعت اسلامی جموں کشمیر امیر محترم شیخ محمد حسن صاحب کے انتقال سے کشمیر ایک سچے محب وطن، اسلام کے مخلص داعی ، جابر حکمرانوں کے سامنے ڈنکے کی چوٹ پر کلمہ حق کہنے والے نڈر مجاہد اور جموں کشمیرمیں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے زندگی بھر جدوجہد کرنے والے ایک بڑے بے لوث رہنما سے محروم ہو گیا۔

سابق امیر جماعت اسلامی جموں کشمیر امیر محترم شیخ محمد حسن صاحب نے پوری زندگی اسلامی نظام حیات کے نفاذ کی جدوجہد میں گزاری۔ وہ جماعت اسلامی میں درویشوں کے اس قافلے میں شامل تھے جنھوں نے اسلام کو سوچ سمجھ کر قبول کیا اور اپنی پوری زندگی اس کی اشاعت و تبلیغ کے لیے وقف کی۔

سابق امیر جماعت اسلامی جموں کشمیر امیر محترم شیخ محمد حسن صاحب اپنے تقویٰ، زندگی کے رویوں اور معاملات میں قرون اولیٰ کے مسلمانوں کی یاد گار تھے جن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ دین کی سربلندی کی جدوجہد میں گزرا اور جن کا ایک ایک عمل قرآن و سنت کی تعلیمات کا عکاس اور مظہر تھا۔ آپ کی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، دعوت و اصلاح، علم و حکمت، اور امت کی رہنمائی میں گزری۔آپ نے صبر، استقامت، اخلاص اور قربانی کی ایسی مثالیں قائم کیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

آپ صرف ایک فرد نہیں تھے بلکہ ایک فکر، ایک تحریک، اور نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مینار تھے۔آپ کی جدائی صرف اہلِ خانہ کا نہیں بلکہ پوری ملتِ اسلامیہ، تحریکِ اسلامی، اور آپ کے شاگردوں و رفقاء کا عظیم نقصان ہے۔آپ کی نرم گفتاری، بے لوث خدمت، اور دین کے لیے شب و روز محنت ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گی۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنائے،ان کی تمام دینی، علمی اور تحریکی خدمات کو قبول فرمائے،اور پسماندگان، متعلقین اور کارکنانِ جماعت کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button