
میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کوشاندار خراج عقیدت۔ عبدالصمد انقلابی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی کا کہنا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ اپنے نصب العین پر ثابت قدم رہنے والی اقوام نے ظالموں کے خلاف جنگ جیت کر اپنا مقصد حاصل کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو آج ان کے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام ان عظیم شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے بھارتی قبضے سے آزادی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اپنے نصب العین پر ثابت قدم رہنے والی اقوام نے ظالموں کے خلاف جنگ جیت کر اپنا مقصد حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو تقویت ملتی ہے۔ سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کشمیری شہداء کی عظیم قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزادی کا راستہ ہمیشہ کانٹوں اور مشکلات سے بھرا ہوتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنا حق خودارادیت حاصل کریں گے جس کی ضمانت اقوام متحدہ نے دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر اور حق خودارادیت کے لیے لوگوں کی جائز جدوجہد سے آنکھیں بند نہیں کر سکتی اور اس مسئلے کو عوامی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرنا ہو گا۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ میر واعظ مولوی محمد فاروق کو نامعلوم مسلح افراد نے 21 مئی 1990ء کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر شہید کر دیا تھا، اسی روز بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جلوس جنازہ پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔ بارہ سال بعد 21 مئی 2002ء کو نامعلوم حملہ آوروں نے خواجہ عبدالغنی لون کو اس وقت شہیدکر دیا جب وہ سرینگر کے مزار شہداء میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جا رہے تھے۔














