
پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی کا بیان سختی سے مسترد
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے سربراہ پیر عبدالصمد انقلابی نے پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی دھمکیاں دینے کے بجائے تنازعہ کشمیر کو بامقصد مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ ایسی دھمکیوں سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی طاقت اور دھونس کا استعمال خطے میں پائیدار امن نہیں لا سکتا تنازعہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔ مسائل کے مستقل حل کے لیے ضروری ہے کہ جنگی جنون اور دھمکیوں کی پالیسی ترک کرکے تنازعے کی جڑ (کشمیر کے دیرینہ تنازعے) کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل تب ہی ممکن ہے جب اس میں بھارت، پاکستان اور کشمیری عوام کی حقیقی قیادت شامل ہو۔کشمیریوں کی دہائیوں پرانی مانگ حق خود ارادیت کی فراہمی ہے، جس سے روگردانی یا طاقت کے ذریعے اس آواز کو دبانے سے جنوبی ایشیا میں عدم استحکام طویل ہو جائے گا۔
سینئر حریت رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے یاد دلایا کہ جموں کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ دھمکیاں دینے اور خطے کا امن داو پر لگانے کے بجائے پاکستان اور کشمیری قیادت کے ساتھ مل بیٹھ کر اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق بات چیت کا اغاز کرے۔















