بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

عام اِنتخابات کے لئے تمام ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے اُن کے فرائض اور ذمہ داریوں کا حلف لے لیا گیا

خوشاب ( راجہ نورالہی عاطف سے) ضلع خوشاب میں صوبائی حلقوں کے عام اِنتخابات کے لئے تمام ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے اُن کے فرائض اور ذمہ داریوں کا حلف لے لیا گیاہے۔ اِس سلسلہ میں ایک تقریب کا اِنعقاد ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی کمپلیکس میں موجود اور دیگر کا بذریہ ویڈیو لنک حلف لیا۔تمام ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران نے الیکشن ایکٹ 2017،الیکشن رولز 2017اور الیکشن کمشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق بغیر کسی طرف داری،جُھکاؤ، بدنیتی کے، بلا خوف و خطر اور ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی اپنی ذمہ داریاں بھر پور صلاحیت سے انجام دینے کا حلف اُٹھایا اور اپنے اپنے فارم پُر کر کے دستخط ثبت کر دیئے۔منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مطاہر امین حیات وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد صہیب، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اصغر علی،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سہیل سکندر،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اسحاق اعوان، ایس این اے اسرار احمد اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ اسسٹنٹ آفیسرز کی ذمہ داریوں، ٹریننگ کے مراحل،آر اوز کے الیکشن کیمپوں کا قیام، پولنگ اسٹیشنوں کی حتمی فہرستوں کی تیاری اور ڈسٹری بیوشن آف پولنگ بیگز کے بارے تفصیل سے گفتگو کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد صہیب نے بتایا کہ صوبائی الیکشن کے لئے ضلع خوشاب میں تین ریٹرننگ آفیسرز اور چھ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز تعینات کئے گئے ہیں۔پی پی82خوشاب ون میں اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ عرفان مارٹن بطور ریٹرننگ آفیسر،سی او ضلع کونسل ظفر بھٹی اور اے ای او اسد علوی بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر ڈیوٹی انجام دیں گے۔ پی پی83 خوشاب ٹو کے لئے اسسٹنٹ کمشنر خوشاب نعمان محمود بطور ریٹرننگ آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر مائینز علی رضا گوہر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن اسحاق اعوان بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر،پی پی 84خوشاب تھری میں اے ڈی سی (آر) مطاہر امین حیات وٹو بطور ریٹرننگ آفیسر جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سہیل سکندر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیض الحسن بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر ڈیوٹی انجام دیں گے۔

مزید پڑھیے  اسسٹنٹ کمشنر نور پور تھل کا اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ
Back to top button