بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

عبداللہ شفیق ہیرو بن گئے، پاکستان نے سری لنکا کو پچھاڑ دیا

پاکستان کی جانب سے جیت کیلئے 342رنز کا ہدف گال میں ریکارڈ ہے، اس سے قبل اتنا بڑا سکور کسی ٹیم نے حاصل نہیں کیا

پاکستان نے عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر گال سٹیڈیم میں سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔گال میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن پاکستان نے 222 رنز تین کھلاڑی آئوٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کے لیے مزید 120 رنز درکار تھے۔سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق کے ہمراہ نائب کپتان محمد رضوان موجود تھے اور دونوں نے مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کی، اس مرحلے پر جے سوریا نے 40 رنز بنانے والے رضوان کو چلتا کردیا۔دوسرے اینڈ سے عبداللہ نے عمدہ بیٹنگ جاری رکھی اور نئے بلے باز آغا سلمان کے ساتھ مزید 22 رنز جوڑے البتہ پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے آغا سلمان دوسری اننگز میں بھی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور 12 رنز بنانے کے بعد جے سوریا کی اننگز میں چوتھی وکٹ بن گئے۔آغا سلمان کے آئوٹ ہوتے ہی امپائرز نے میچ کے آخری دن کھانے کے وقفے کا اعلان کردیا تھا۔پانچ وکٹیں گرنے کے بعد سکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے حسن علی کو میدان میں بھیجا گیا لیکن وہ صرف ایک چوکا مارنے کے بعد اگلی ہی گیند پر آئوٹ ہو گئے۔اس کے بعد عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے محمد نواز آئے اور ابتدائی طورپر یہ جوڑی خاصی محتاط رہی لیکن پھر دونوں نے کھل کر بیٹنگ کرنا شروع کی۔

عبداللہ شفیق نے اس دوران بہترین بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنے 150 رنز مکمل کیے اور دونوں نے مل کر سکور کو 325 تک پہنچا ہی تھا کہ سری لنکا کو ایک وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن ڈیپ سکوائر لیگ پر کاسن رجیتھا آسان کیچ ڈراپ کر بیٹھے۔اس کے بعد دونوں نے مزید رنز جوڑتے ہوئے سکور کو 331 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کی وجہ سے کھیل کو روکنا پڑ گیا۔بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو ہدف حاصل کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور قومی ٹیم نے مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر ہی ہدف حاصل کر لیا۔عبداللہ شفیق 160 رنز بنا کر کی شاندار اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ نواز نے 19رنز بنائے۔پاکستان نے گال اسٹیڈیم میں میں 342 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کر کے اس میدان پر سب سے بڑے ہدف کے حصول کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔آج سے قبل اس سٹیڈیم پر کبھی بھی 300 رنز سے زائد کا ہدف عبور نہیں کیا جا سکا اور اس سے قبل سب سے بڑے ہدف کے حصول کا ریکارڈ میزبان سری لنکا ہپی کے پاس تھا جب اس نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 268 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔عبداللہ شفیق کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ سری لنکا نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 222 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 218 رنز بنا کر آٹ ہوگئی تھی۔میچ کی دوسری اننگز میں سری لنکا نے 337 رنز بنا کر پاکستان کو فتح کے لیے 342 رنز کا ہدف دیا تھا۔

Back to top button