
وزیرِ مذہبی امور کی روضۂ رسول ﷺ پر حاضری
وزیرِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف آج مدینہ منورہ پہنچے۔مدینہ سے ریڈیو پاکستان کے نمائندے اسد اللہ خان کے مطابق، وزیرِ مذہبی امور نے پہنچتے ہی روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دی اور وہاں نوافل ادا کیے۔ اس موقع پر انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور تمام حجاج کی خیریت و آسانی کے لیے خصوصی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انہیں حجاج کرام کی خدمت کی اہم ذمہ داری سونپی۔وزیرِ مذہبی امور نے کہا کہ حکومت پاکستان حجاج کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے پاکستان حج مشن کو مسلسل دوسرے سال ایکسلینس ایوارڈ ملنا حکومت کی خدمات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکہ مکرمہ میں حجاج کے لیے معیاری رہائش، بہتر کھانے پینے کے انتظامات، مؤثر ٹرانسپورٹ سسٹم، ڈیجیٹل سہولیات، گمشدہ اشیا کی خدمات اور دیگر سہولتوں کے لیے جامع اقدامات کیے گئے۔سردار محمد یوسف نے یقین دہانی کرائی کہ یہی خدمت کا جذبہ مدینہ منورہ میں آنے والے 76 ہزار سے زائد پاکستانی حجاج کے لیے بھی جاری رہے گا۔















