بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان فوج کی اعلیٰ قیادت کا دورہ چین،تعاون بڑھنے پر اتفاق

پاکستان کے اعلیٰ سطح کے ٹرائی سروس ملٹری وفد نے چین کا دورہ کیا اور  چین کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے 9 سے 12 جون کے درمیان چین کا دورہ کیا اور چین کی اعلیٰ فوجی قیادت سے ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں کیں۔ 

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 12جون کو ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی قیادت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی جبکہ چین کی جانب سے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژانگ نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ اس ملاقات میں پاک چین فوجی قیادت کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے رابطوں میں تسلسل سمیت تربیت، ٹیکنالوجی اور انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

اس ملاقات میں پاک چین فوجی قیادت کی عالمی، علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا، پاکستانی فوجی وفد نے چین کے دیگر سرکاری ڈپارٹمنٹس کے سینئرحکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاک چین فوجی قیادت نے ایک دوسرے کے ساتھ دفاعی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ پاک چین مشترکہ فوجی تعاون کمیٹی کا حصہ ہے۔

Back to top button