بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

الیکشن کمیشن کا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس دینے کا فیصلہ

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں وزرا کو نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ مزیدکارروائی کی جاسکے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الزام تراشی پر  وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر ریلوے اعظم سواتی کو نوٹس دینے کا فیصلہ کرلیا۔

اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن نثاردرانی، شاہ محمد جتوئی اوردیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنرپرالزام تراشی  پر وزیراطلاعات فوادچوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اعظم سواتی کے الیکشن کمیشن پر عائد الزامات پر اُن سے ثبوت مانگنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فوادچوہدری نے پریس بریفنگ میں الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنرپرالزام تراشی کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں وزرا کو نوٹس جاری کیے جائیں تاکہ مزیدکارروائی کی جاسکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔

اس کے بعد وفاقی وزرا نے بھی پریس کانفرنس کی تھی جس میں بھی الزام تراشی کی گئی تھی۔

Back to top button