بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

طالبان کا وادی پنجشیر پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ

امر اللہ صالح نے کنٹرول حاصل کرنے کی خبروں کی تردید کردی، اس وقت وادی پنجشیر میں ہی موجود ہوں، امر اللہ صالح

افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اب تک ناقابل تسخیر رہنے والی وادی پنجشیر پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

 طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ وادی پنجشیر کے تمام 34 اضلاع پر ان کا کنٹرول ہے ۔ طالبان ذرائع کے مطابق سابق افغان نائب صدر  امر اللہ صالح کے تاجکستان فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تاہم افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق امراللہ صالح نے ان افواہوں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ افغانستان میں ہی موجود ہیں۔ انہوں نے پنجشیر سے طلوع نیوز سے خصوصی گفتگو کی۔

دوسری جانب قومی مزاحمتی فرنٹ افغانستان (این آر ایف اے) کے خارجہ تعلقات کے سربراہ علی میثم نذارے نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میڈیا کو طالبان کے پروپیگنڈے پر یقین نہیں کرنا چاہیے، پنجشیر پر قبضے کا طالبان کا دعویٰ درست نہیں ، این آر ایف نے بہادری سے ان کے تمام حملوں کو ناکام بنایا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مخالفین کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ احمد مسعود کی سربراہی میں طالبان کے خلاف مزاحمت کرنے والے قومی مزاحمتی پرنٹ افغانستان (این آر ایف اے) کے ترجمان نے بھی طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔

کل ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ ’مقامی مسلح گروپ کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ہم نے ان کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے۔‘

ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ طالبان کے جنگجو پنجشیر میں داخل ہوگئے ہیں اور انہوں نے بعض علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

Back to top button