بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سعودی ایئرپورٹ پر ڈرون حملے میں 8افراد زخمی

سعودی عرب کے ابھا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مبینہ ڈرون حملے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

رپورٹ  کے مطابق سعودی عرب کے ابھا انٹرنیشنل ائیر پور ٹ  پر حوثی باغیوں کی جانب سے  ڈرون حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں کارروائیاں کرنے والے عسکری اتحاد نے بھی حملے کی تصدیق کی ہے۔

سعودی ٹیلی وژن کے مطابق عسکری اتحاد نے ایک بیان میں  کہا کہ  ابھا انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے حوثی باغیوں کے دوسرے ڈرون کو مار گرایا گیا ہے۔

حوثی باغیوں نے اس ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم یہ گروپ اکثر سعودی عرب کی جانب ڈرون اور میزائل حملے کرتا رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرون حملے میں 8 افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک سویلین طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔

عسکری اتحاد کا کہنا ہے کہ ڈرون حملے میں زخمی ہونے والوں میں ایک سعودی شہری ، ایک نیپالی ، 3 بھارتی اور 3 بنگلا دیشی شہری شامل ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

عسکری اتحاد کے مطابق انہوں نے ابھا انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر ڈرون حملے میں استعمال ہونے والے لانچ پیڈ کو یمن کے دارالحکومت صنعاء میں نشانہ بنایا جو 2014 سے حوثی باغیوں کے کنٹرول میں ہے۔

سعودی ٹیلی وژن کے مطابق ڈرون حملے کے بعد  ابھا ائیرپورٹ پر پروازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا تھا تاکہ آنے اور جانے والے طیاروں کے ساتھ ساتھ ائیرپورٹ پر شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ حوثی  باغیوں نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

Back to top button