بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی،سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے ضمنی الیکشن سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی ہے۔

ایک بیان میں سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پہلے دن سے مؤقف تھا کہ حکومت کرنے کے بجائے فوراً الیکشن کرا دینے چاہئیں، یہ بھی کہا آئی ایم ایف سے ڈیل فریش مینڈیٹ والی حکومت کو ہی کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا مشکل فیصلے وہ حکومت کرے جس کے پاس 5 سال کا مینڈیٹ ہو، ہو نہیں سکتا کہ مہنگائی آسمانوں سے باتیں کرے اور عوام ہمیں پھولوں کے ہار ڈالیں۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ابھی تک ذہنی طور پر 90 کی دہائی میں پھنسی ہوئی ہیں، ضمنی الیکشن سے واضح ہو گیا کہ اتحادی حکومت عوام کی تائید کھو چکی ہے، کل کے نتائج کے بعد سیاسی استحکام مزید کم ہوگا، حکومت کرنا مشکل ہوتا جائےگا، ملک اور معیشت کو استحکام کی ضرورت ہے جو صرف جنرل الیکشنز سے ہی ممکن ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر  نے کہا کہ آبادی میں نوجوانوں کا تناسب اور کرپشن کا تدارک دور حاضرکی سیاست کے لازمی جزو ہیں، اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ بھی دور حاضرکی سیاست کے لازمی جزو  ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے 15 اور مسلم لیگ ن نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب رہا۔ 

Back to top button