
حکومت آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کر رہی ہے، صدر آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہونا چاہتا ہے اور حکومت زرعی شعبے میں بہتری لا کر عوام کو زیادہ آمدن کے مواقع فراہم کرے گی۔
مورو میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے ذریعے کسانوں کی آمدن بڑھائی جائے گی تاکہ ملک معاشی طور پر مزید مستحکم ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خوراک کے معاملے میں خود کفیل رہنا چاہیے اور معاشی مضبوطی ہی ملک کو ایک طاقتور ریاست بنا سکتی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ان مسائل کے حل پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر بلوچستان میں مثبت معاشی تبدیلی کا باعث بنے گا اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
صدر مملکت نے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لائی جائے اور عوامی خدمت کے عمل کو جاری رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندوں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنی چاہئیں تاکہ ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔















