بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ تک موخر

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو دو ماہ سے زائد عرصے تک کے لیے مؤخر کر دیا اور نئی تاریخ 27 مارچ مقرر کی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس کے دوران خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری بینچ کے روبرو پیش ہوئے۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ کے پی حکومت نے ای سی پی سے درخواست کی تھی کہ بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ دسمبر 2021 میں اور دوسرا مرحلہ مئی 2022 میں کرایا جائے۔

تاہم سی ای سی نے یاد دلایا کہ صوبائی حکومت نے اتفاق کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ رمضان سے پہلے کرایا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ چونکہ رمضان کا مہینہ 3 یا 4 اپریل سے شروع ہوگا لہٰذا اگر مئی میں انتخابات ہوئے تو بہت دیر ہو جائے گی، جس پر سیکریٹری نے کمیشن سے مارچ 2022 کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست کی۔

الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس مہینے کا آخری اتوار 27 مارچ کو آئے گا اور انتخابی عمل کے لیے نئی تاریخ یہی مقرر کردی۔

قبل ازیں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 16 جنوری کو ہونا تھا تاہم کے پی کی حکومت خراب موسم اور برف باری کو وجہ بتاتے ہوئے دوسرے مرحلے کو مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Back to top button