بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اچھی خبروں والے ٹی وی چینل کی نشریات کا آغاز

بھارت کے بڑے میڈیا ہاؤس انڈیا ٹوڈے نے حال ہی میں ایک نئے ٹی وی چینل کی نشریات کا آغاز کیا ہے جو صرف ‘اچھی خبریں’ پیش کرے گا۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق انڈیا ٹوڈے نے اپنے اس نئے ٹی وی چینل کو ‘گڈ نیوز ٹوڈے’ کا نام دیا ہے۔

انڈیا ٹوڈے گروپ کے وائس چیئرپرسن کالی پورے نے بتایا کہ ‘یہ چینل اُمید، انسانی کامیابیوں، ایجادات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ بھارت کے مختلف حصوں اور دنیا بھر کے لوگوں کی کہانیاں نشر کرے گا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم بھارت اور دنیا بھر کی کہانیاں پیش کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے’۔

کالی پورے نے کہا کہ اچھی خبریں اور اچھے کام جن کا تعلق چاہے کہیں سے بھی ہو انہیں شیئر کرنے اور ان پر خوش ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گڈ نیوز ٹوڈے ٹی وی چینل کا نعرہ ہے ‘اچھی خبر، سچی خبر’۔

بھارتی میڈیا گروپ کے وائس چیئرپرسن نے کہا کہ ہم سب کو مسکراہٹ کی ضرورت ہوتی ہے، حوصلہ افزائی کرنے والے الفاظ کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ مشکلات کے باوجود ہم اپنے اردگرد موجود اچھائی کو دیکھ سکیں کیونکہ اس کے بغیر ہم ڈوب جائیں گے’۔

کالی پورے کا کہنا تھا کہ یہ وہ چینل ہے جو دِل کو بھاتا ہے۔

بھارت میں اس وقت 160 سے زائد قومی اور علاقائی ٹی وی چینلز کی نشریات جاری ہیں جن میں سے 2 چینلز ہندی زبان کے آج تک اور انگریزی زبان کے انڈیا ٹو ڈے کو سب سے زیادہ دیکھا جاتا ہے۔

مذکورہ دونوں چینلز کی ملکیت بھارتی میڈیا گروپ انڈیا ٹوڈے گروپ کے پاس ہے۔

یہ چینل ایک ایسے وقت میں شروع کیا گیا ہے جب بھارت میں آزادی صحافت پر قدغن کی شکایات کے باعث رپورٹرز ود آؤٹ فرنٹیئرز نے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں بھارت درجہ بندی میں تنزلی کے بعد 142ویں نمبر پر آگیا ہے۔

Back to top button