بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بجٹ میں سرکاری ملازمین کو اچھی خبر دینگے، عثمان بزدار

چھوٹے سرکاری ملازمین کے معاشی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں عدم مساوات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ملازمین کو اچھی خبر دیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت تنخواہوں میں عدم مساوات ختم کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ڈی آر اے کمیٹی نے سفارشات اور تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر راجہ بشارت،میاں اسلم اقبال،ہاشم جواں بخت ،حسین جہانیاں،ایڈیشنل چیف سیکریٹری، سیکریٹری فنانس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ ملازمین کی ضرورت ہے۔سرکاری ملازمین کی ضروریات اور مسائل کا احساس ہے۔چھوٹے سرکاری ملازمین کے معاشی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
تنخواہوں میں عدم مساوات سے ملازمین کا احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔انہوں نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں عدم مساوات ختم کرنے کا حکم دیا۔دوسری جانب معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یکساں ترقی کے عمل کو یقینی بنانا پی ٹی آئی حکومت کا مشن ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے دو نہیں ایک پاکستان کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ بجٹ میں یکساں وسائل کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔

ماضی کے ادوار میںبھاری قرضے لے کر بڑے منصوبے لگائے گئے اور شاہی خاندان پنجاب کو 1200ارب کا مقروض چھوڑ کر رخصت ہوا۔ خسارے کے منصوبے ادھورے چھوڑدیے گئے مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ان منصوبوں کا دفاع کررہی ہے کیونکہ ان پر عوام کا پیسہ صرف ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ڈی جی پی آرمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ راولپنڈی رنگ روڈمنصوبے پر میڈیا کوٹیکنیکل بریفنگ دی جائے گی ۔

Back to top button