بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

کورونا وائرس سے مزید 131 افراد جاں بحق

تیس سال سے زائد عمر کے لوگوں کی بھی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے

عالمی وبا کورونا کے وار تاحال جاری ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 131 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار 987 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 391 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 207 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 31 ہزار 102، سندھ میں 3 لاکھ 3 ہزار 323، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 28 ہزار 33، بلوچستان میں 24 ہزار 223، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 452، اسلام آباد میں 79 ہزار 789 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 469 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 9 ہزار640افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار854، خیبرپختونخوا 3 ہزار855، اسلام آباد 740، گلگت بلتستان 107، بلوچستان میں 270 اور آزاد کشمیر میں 521 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور 40 سال سے زیادہ عمر والے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

جبکہ تیس سال سے زائد عمر کے لوگوں کی بھی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 16 کروڑ 55 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 34 لاکھ 31 ہزار 728 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 14 کروڑ 45 لاکھ 80 ہزار سے زائد اور فعال کیسز کی تعداد ایک کروڑ 75 لاکھ 52 ہزار سے زائد ہے۔ ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔

Back to top button