
صدر آصف علی زرداری کا سویڈن کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سویڈن کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سویڈن کے قومی دن کے موقع پر حکومت اور عوامِ سویڈن کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، ٹیکسٹائل اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان سویڈن کے ساتھ 1949ء میں قائم ہونے والے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور عالمی امن و تعاون کے مشترکہ عزم کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مستقبل میں مزید فروغ پائے گا۔















