بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

احسن اقبال کا خودمختار پاکستان ٹورازم اتھارٹی قائم کرنے پر زور

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملک بھر میں سیاحت کے فروغ کے لیے خودمختار پاکستان ٹورازم اتھارٹی قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مجوزہ پاکستان ٹورازم اتھارٹی میں چاروں صوبوں کے نمائندے شامل ہونے چاہئیں تاکہ قومی سطح پر سیاحتی سرگرمیوں کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک متحد سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرایا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی حسن اور سیاحت کے وسیع وسائل سے مالا مال ہے، تاہم اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اور ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے۔

اجلاس کو وزیراعظم کے سیاحت سے متعلق کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات اور سال 2025-26 کی کامیابیوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے مؤثر قومی ادارے قائم کرنے اور صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سردار یاسر الیاس خان نے بتایا کہ تین روزہ پاکستان ٹورازم، اسپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 کل سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول کے انعقاد میں نجی شعبہ بھی اسپانسرشپ کے ذریعے تعاون کر رہا ہے، جبکہ دارالحکومت کے مختلف مقامات، بشمول لیک ویو پارک میں سیاحتی اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button