
پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’’فَاز‘‘ (Fa’az) کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے مقامی سطح پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’’فَاز‘‘ (Fa’az) کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا ہے، جو ملک کی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فَاز میزائل پاکستان ایئر فورس کی آپریشنل صلاحیت اور حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کرنے کی استعداد میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے ملک کا مجموعی دفاعی حصار مزید مضبوط ہوگا۔
اس کامیاب فلائٹ ٹیسٹ سے پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔ میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران کے علاوہ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا، جنہوں نے اس جدید ہتھیار کے نظام کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔ صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔















