
بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت ضروری ہے، فیلڈ مارشل
چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل تربیت، مقامی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاری پر غیر متزلزل توجہ ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج تربیلا میں اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران اور جوانوں سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اس موقع پر انہیں ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاری اور مشن کے تقاضوں کے مطابق استعداد کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل نے جدید ترین خصوصی آلات کی نمائش کا مشاہدہ بھی کیا جبکہ ایس ایس جی کے جوانوں نے خصوصی آپریشنز میں اپنی جنگی مہارت، پھرتی اور درستگی کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے اور فرض سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تربیلا پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال جی او سی ایس ایس جی نے کیا۔















