بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کی ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے بڑے سرمایہ کار، صنعت کار، اداروں اور کمپنیوں کے سربراہان اور اہم کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں حصہ لینے کی دعوت دی۔مختلف شخصیات سے اپنی ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے ان سے توانائی، متبادل بالخصوص شمسی توانائی، تعمیرات، انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کی تاریخی برادرانہ دوستی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، پاکستان براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے خصوصی سہولیات دے رہا ہے۔انہوں نے کوکا کولا، سی سی آئی کے چیف اسٹریٹجی آفس کے، سی ای او کریم یاہی اور آتیلا یرلیکایا سے بھی ملاقات کی جبکہ ترکش کانٹریکٹر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حسن یالسین اور چیئرمین دولسار انجینئرنگ عرفان عاقر کی بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

اپنے دورے کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین اور صدر ڈیک نیل اولپاک محمد پاک یاتیرم، سنان آک اور زورلو گروپ اور چیئرمین احمد البارک گروپ سے بھی ملاقاتیں کی۔یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف صدر رجب طیب اردوان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے دو روزہ دورے پر ترکیہ گئے ہیں جہاں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدارتی محل میں ہونے والی تقریب میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔ترک میڈیا کے مطابق گرینڈ نیشنل اسمبلی کے اسپیکر نے طیب اردوان سے ترکیہ کے صدر کا حلف لیا، حلف برداری کی تقریب میں 21 سربراہان مملکت اور 13 وزرائے اعظم شریک ہوئے۔

Back to top button