بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

بلاول بھٹو نے کشمیریوں کے جذبات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی، آل پارٹیز حریت کانفرنس

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو سراہتے ہوئے اسے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے طاقت اور حوصلہ کا ذریعہ قرار دیا ہے جو اپنے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں مصروف ہیں۔

سرینگر میں جاری ایک بیان میں اے پی ایچ سی کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا کہ کشمیری پاکستانی وزیر خارجہ کے اس واضح اور جرات مندانہ موقف کے لیے شکر گزار ہیں کہ پاکستان کی کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور بھارت کے ساتھ اس وقت تک کوئی بات چیت نہیں ہوگی جب تک وہ اپنے 5 اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کو واپس نہیں لے لیتا۔

اے پی ایچ سی کے دیگر رہنماؤں، خادم حسین، سید سبطے شبیر قمی اور فریدہ بہن جی نے اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور ہندوستان میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں کشمیریوں کے جذبات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی۔

Back to top button