بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بلوچستان میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی بیرونی دشمنوں کے بلوچستان میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کے مذموم عزائم سے آگاہ ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے یہ بیان نے منگل کو بلوچستان کے علاقوں خضدار اور بسیمہ کا دورہ کرتے ہوئے دیا۔

آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ان کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو دورے کے دوران سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے ساتھ ساتھ پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے غیر ملکی سپانسر اور حمایت یافتہ دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے بہترین آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فوج کی تعیناتی اور آپریشنز پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

گزشتہ چند مہینوں کے دوران ملک میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے اور دہشت گرد گروہ ملک بھر میں آزادانہ حملے کر رہے ہیں۔بلوچستان میں علیحدگی پسندوں نے بھی اپنی پرتشدد سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے ساتھ گٹھ جوڑ کر لیا ہے۔سال 2022 امن و امان کے حوالے سے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا کیونکہ اس سال ملک کو 376 دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

Back to top button