بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

نادرا نے اینڈرائیڈ ٹیبلٹس کی آخری کھیپ ادارہ شماریات کے حوالے کر دی

 چیئرمین نادرا طارق ملک نے ادارہ شماریات پاکستان میں 17,600 محفوظ ٹیبلٹس کی آخری کھیپ چیف شماریات ڈاکٹر نعیم ظفر کے حوالے کر دی۔ مردم و گھر شماری کی ساتویں”ڈیجیٹل مردم شماری” کے انعقاد سے پہلے ایک بڑا حصہ 1,26,000 اینڈرائیڈٹیبلٹس کی ترسیل تھا۔ نادرا نے 21,600 ٹیبلٹس کو 40 کنٹینرز کے ذریعے ہارڈ ویئر کی بروقت اسمبلنگ اور ڈیلیوری کو یقینی بنایا ہے۔

چیئرمین نادرا نے پی بی ایس ہیڈ کوارٹر میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ فیسیلیٹی، ہارڈ ویئر ہارڈننگ اسمبلی لائن اور ڈسپیچ فیسیلیٹی ہاؤس کا اتوار کو دورہ کیا۔

ملک بھر میں مردم شماری کے 495 اضلاع میں ان ٹیبلٹس کی ترسیل ایک مشکل مرحلہ تصور کیا جا رہا تھا۔ مگر نادرا نے بالترتیب 932 مقامات پر 90,000 سے زیادہ شمار کنندگان کی ٹریننگ کی تکمیل کے لیے 09 دنوں میں بڑی مشق کو کامیابی سے مکمل کر لیا۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے 100 سے زائد ماہرین پر مشتمل نادرا کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ،جنہوں نے مقررہ وقت میں 1,26,000اینڈرائیڈ ٹیبلٹس کی اسمبلنگ اور تقسیم کا ایک اہم سنگ میل کامیابی سے عبور کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری وہ قدم ہے جو ملک کو ماضی ِقدیم سے نکال کر جدید مستقبل کی جانب گامزن کرتا ہے۔ انہوں نے کہا لاکھوں کاغذی شیٹس پر لکھے ہوئے جوابات سے لے کر سیٹلائٹ امیجری کے ساتھ محفوظ آلات پر ایپس میں ریئل ٹائم توثیق شدہ ڈیٹا تک- ڈیجیٹل پاکستان کی طرف ایک قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا بگ ڈیٹا (بڑا ڈیٹا) پاکستان کے لیے شواہد پر مبنی پالیسی سازی کا بنیادی نظام بن جائے گا۔

یہ بات بھی قابل ِذکر ہے کہ نادرا نے اس کام کو قومی فریضہ سمجھتے ہوئے صرف تین ہفتے کے عرصے میں جدید چست طریقہِ کار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے مردم شماری کے لیے ڈیجیٹل حل تیار کیا۔ ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے خصوصی مکمل ڈیجیٹل نظام میں اینڈرائڈ پر مبنی گھر شماری اور گنتی پر مبنی ڈیجیٹل ایپ کی تیاری اور تعیناتی بھی شامل ہے جو گلوبل پوزیشننگ سسٹم اور جغرافیائی انفارمیشن سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ نادرا ادارہ ِ شماریات کے لئے مزید خدمات بھی فراہم کر رہا ہے جس میں ڈیٹا سینٹر کی تعیناتی، کال سینٹر کا قیام، ہر تحصیل کی سطح پر تکنیکی معاونت کے مراکز کا قیام اور دیگر متعلقہ خدمات میں عوام لے لئے ویب پورٹل بھی شامل ہے۔

اینڈروئیڈ پر مبنی مردم شماری، ڈیجیٹل ایپلیکیشن میں بغیر کسی ڈیٹا کی مطابقت پذیری کی خصوصیت کے علاوہ آن لائن اور آف لائن کی سہولت بھی میسر ہے۔ یہ نظام مردم شماری کے تینوں مراحل یعنی مردم شماری سے پہلے، مردم شماری کے دوران اور مردم شماری کے بعد کے مرحلے میں ادراہ شماریات پاکستان کو مدد فراہم کرے گا۔

نادرا پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے انعقاد میں ادارہ شماریات پاکستان کا تکنیکی شراکت دار ہے۔ اس بڑی قومی ذمہ داری میں نادرا کا مینڈیٹ مردم شماری کے انعقاد کو قابل ِذکر کامیابی بنانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس کے نتیجے میں مردم شماری کے عمل کو مزید شفاف بنایا جائے گا اور ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کو شامل کرکے ملک ِ پاکستان کی تمام آبادی کے درست اعداد و شمار کو یقینی بنائے گا۔

Back to top button