بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پی سی بی کی نئی منیجمنٹ کا پاکستان جونیئر لیگ کو بند کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت نجم سیٹھی نے کی. منیجمنٹ کمیٹی کا اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد ہوا. اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلے مندرجہ ذیل ہیں:

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے پی سی بی کے آئین 2014 کے تحت ریجنل، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور ڈیپارٹمنٹ / سروس آرگنائزیشنز کی بحالی پر ایک طویل بحث کی.طویل تبادلہ خیال کے بعد ریجنل، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور ڈیپارٹمنٹس/سروس آرگنائزیشنز کو بحال کرنے کا اعلان کیا جاتا ہے اور اب انہیں باقاعدہ طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں شامل کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک پلان تیار کیا جائے گا، جس میں ان کی پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں شرکت بھی شامل ہے.مینجمنٹ کمیٹی نے پی سی بی کی 12 کمیٹیز کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ان کی تشکیل کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ڈومیسٹک ری اسٹرکچرنگ کمیٹی، ڈومیسٹک ریسٹوریشن کمیٹی فار ریجن، ڈپارٹمنٹ کرکٹ ریسٹوریشن کمیٹی، این ایچ پی سی ری ماڈلنگ کمیٹی، ویمن کرکٹ کمیٹی کی ری اسٹرکچرنگ، کرکٹ انفراسٹرکچر کمیٹی، آڈٹ کمیٹی، فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی، ہیومن ریسورس کمیٹی، لیگل افیئرز کمیٹی، قومی سلیکشن کمیٹیز اور بینیولینٹ فنڈ کمیٹی

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ وہ اگست 2023 تک کے لیے کھلاڑیوں کے اعلان کردہ تمام ڈومیسٹک کنٹریکٹس کو پورا کرے گی۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے خواتین کی کرکٹ میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کی حکمت عملی کے تحت ویمن لیگ شروع کرنے کے لیے اپنے جوش و خروش اور عزم کا اظہار کیا، جس کا نام بدل کر پاکستان ویمنز لیگ رکھ دیا گیا ہے۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے پاکستان جونیئر لیگ کو بند کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے تاہم، اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو باقاعدہ ہاتھ وے دینے کے لیے جونیئر سیریز کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کے ساتھ بات چیت کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ ان کی ایمرجنگ کیٹیگریز میں انڈر 19 کھلاڑی کو شامل کیا جاسکے۔

Back to top button