بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پی ٹی آئی کے پارلیمانی وفد کی استعفوں کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات

پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی وفد کی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات، قومی اسمبلی کے نشستوں سے استعفوں کے بارے میں گفتگو ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق سپیکر اسد قیصر کی قیادت میں پی ٹی آئی ارکان پارلیمنٹ نے سپیکر قومی اسبملی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے حکمت عملی پر بات چیت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی ٹی آئی پارلیمانی وفد میں سابق سپیکر اسد قیصر، سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، پی ٹی آئی چیف وہیب عامر ڈوگر، سابق وزیر مملکت ڈاکٹر شبیر قریشی، اراکین فہیم خان اور عطاء اللہ شامل تھے۔ملاقات کے دوران سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے، سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہیے، استعفوں کی تصدیق کے لئے آئین اور اسمبلی قواعد وضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، استعفوں کے لئے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔

سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے مدعو کیا گیا تھا، پی ٹی آئی کے کراچی سے ایک رکن اسمبلی نے استعفیٰ کی منظوری روکنے کیلئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔اس موقع پر پی ٹی آئی وفد نے کہا کہ اجتماعی استعفے دیئے تاکہ ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کی جائے، ہم نے کسی کی انٹرٹینمنٹ کیلئے استعفیٰ نہیں دیئے کہ ایک ایک کر کے بلایا جائے۔

دوسری جانب ذرائع پی ٹی آئی کا بتانا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے استعفوں کی منظوری کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات سے معذرت کرلی۔ذرائع کے مطابق پرویز خٹک استعفوں پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات نہیں کرنا چاہتے، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے پارٹی قیادت کو وفد کے ساتھ پیش نہ ہونے کا پیغام آخری وقت میں بھجوایا۔

شاہ محمود قریشی کی غیر موجودگی میں اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے لیے پہنچے۔یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی پارلیمنٹ میں واپسی کا عندیہ بھی دے چکے ہیں جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ پرویز خٹک استعفوں کے بجائے مستقبل میں انتخابات پر بات کے لیے وفد کا حصہ ہوں گے۔

Back to top button