بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فیفا ورلڈ کپ ، مراکش اور فرانس کی کامیابیاں، سیمی فائنل لائن اپ مکمل

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس نے انگلینڈ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر فائنل فور میں جگہ بنا لی ہے، انگلینڈ اور فرانس کے درمیان میچ کا آغاز تیزی سے ہوا اور فرانس کے کھلاڑی اوریلین چومینی نے میچ کے 17 منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی ، میچ کے پہلے ہاف کے اختتام تک فرانس کو انگلینڈ کیخلاف ایک صفر کی برتری حاصل تھی، میچ کے 54 ویں منٹ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے ملنے والی پینلٹی کک پر گول کو جال میں پھینک کر مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا اس کے بعد دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک دوسرے کے گول پر حملے ہوئے اور بالآخر میچ کے 78 ویں منٹ میں فرانس کے کھلاڑی الیور جیروڈ نے گول سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی برتری دو ایک کردی میچ کے 84 ویں منٹ میں انگلینڈ کی ٹیم کو پینلٹی کک ملی تاہم انگلش ٹیم کے کپتان ہیری کین نے اسے ضائع کرکے مقابلہ برابر کرنے کا موقع گنوا دیا ، فائنل وسل تک مقابلہ دو ایک رہا اور فرانس سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ گیا۔

قبل ازیں ٹورنامنٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مراکش کی ٹیم نے ہیوی ویٹ پرتگال کو شکست دیکر نئی تاریخ رقم کردی، مراکش پہلی افریقی ٹیم بن گئی ہے جس نے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ، مراکش اور پرتگال کے درمیان میچ کے آغاز پر مسلسل دوسری مرتبہ کرسٹیانو رونالڈو کو بینچ پر بیٹھایا گیا، دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے کے آغاز میں اٹیکنگ کھیل دیکھنے کو ملا اور بالآخر میچ کے 42 ویں منٹ میں مراکش کے این نیسری نے گول سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی پہلے ہاف کے اختتام تک مراکش کی یہ برتری قائم رہی، دوسرے ہاف میں زیادہ تر کھیل مراکش کی ڈی کے قریب ہوا اور پرتگال کی ٹیم نے مسلسل دبائو رکھا تاہم مراکش کے گول کیپر اور ان کی دفاعی لائن نے پرتگال کے ہر حملے کو ناکام بنا دیا، فائنل وسل تک پرتگال کی جانب سے گول کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوئی اور مراکش پرتگال کو ایک صفر سے شکست دیکر سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو ہو گیا۔شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 14 دسمبر کو کروشیا اور ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا ، دونوں ٹیمیں قطر کے لوسیل سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔میگا ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل معرکہ فرانس اور مراکش کے درمیان 15 دسمبر کو ہوگا جس میں دونوں ٹیمیں قطر کے البیت سٹیڈیم میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔

Back to top button