بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ارشد شریف کا قتل، اقوام متحدہ کا کینیا سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ

اقوام متحدہ نےافریقی ملک کینیا سے پاکستان کے معروف صحافی اور سینئر اینکرپرسن ارشد شریف کی ’پراسرار موت‘ کی مکمل تحقیقات پر زور دیتے ہوئے نتائج منظرعام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجارک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ارشد شریف کی موت کی المناک رپورٹ دیکھی ہے، میرے خیال میں وجوہات کی مکمل چھان بین کی ضرورت ہے اور کینیا کے حکام نے کہا ہے کہ وہ ایسا کریں گے‘۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات مکمل کرکے تحقیقات رپورٹ جلد منظر عام پر لائی جائیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے بھی سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کینیا کی حکومت سے واقعے کی مکمل تحقیقات پر زور دیا ہے۔

واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہے کہ کن حالات میں ارشد شریف کی موت واقع ہوئی ہے، لیکن ہم اس کی مکمل تحقیقات پر زور دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ کینیا حکام کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ ارشد شریف کے قتل کا واقعہ پولیس کی جانب سے شناخت میں ’غلط فہمی‘ کے نتیجے میں پیش آیا۔

حکام نے کہا کہ کینیا کی پولیس نے نیروبی کے قریب ارشد شریف کی گاڑی پر رکاوٹ عبور کرنے پر فائرنگ کی، پولیس نے دعویٰ کیا کہ پولیس بچے کے اغوا کے کیس میں گاڑی تلاش کررہی تھی اسی دوران جب ارشد شریف کی گاڑی رکاوٹ عبور کرکے آگے بڑھی تو پولیس افسران نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

تاہم ارشد شریف کے اہل خانہ نے پولیس کے تفصیلی بیان کو مسترد کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

Back to top button