بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

شمالی کوریا کا درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ

شمالی کوریا نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کرلیا، میزائل کے جاپان کی حدود سے گزرنے پر جاپان نے شدید مذمت کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق میزائل جاپان کے جزیرے ہوکائیڈو سے ہوتا ہوا بحرالکاہل میں جا گرا، واقعہ میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ میزائل تجربے کے دوران حکام نے جاپان کے شہریوں کو ہوائی سفر سے انتباہ کیا جبکہ ٹرین سروس بھی معطل کی گئی۔

جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا (Fumio Kishida) نے شمالی کوریا کی ان کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’پرتشدد رویہ‘ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا نے میزائل تجربے پر اپنا سخت رد عمل دینے کا عزم کیا۔واضح رہے کہ شمالی کوریا کا 10 دنوں کے اندر یہ پانچواں میزائل تجربہ ہے، میزائل تجربوں میں تیزی کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیار کا تجربہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے شمالی کوریا کے بیلسٹک اور نیوکلیئر میزائل تجربوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

Back to top button