
وزیراعظم شہباز شریف کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر اہم سیاسی شخصیات کو ٹیلیفون کرکے عید کی مبارکباد
وزیراعظم نے صدر مملکت آصف علی زرداری، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے استحکام پاکستان پارٹی کے عبدالعلیم خان، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد مگسی اور قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے بھی گفتگو کی اور عید کی خوشیاں ایک دوسرے کے ساتھ بانٹیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی، خوشحالی اور استحکام سے نوازے اور قوم میں اتحاد و یکجہتی پیدا فرمائے۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں کے تعاون سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔















