بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

سہلٹ ٹیسٹ، لٹن داس کی سنچری، بنگلہ دیش 278 پر آؤٹ

سلہٹ(سی این پی )پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سہلٹ میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ دن کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 21 رنز بنالئے۔

سلہٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے عمدہ کارکردگی دکھائی اور محمد عباس نے پہلے اوور میں ہی بنگلادیش کو پہلا نقصان پہنچا دیا، بعد ازاں 44 رنز کے مجموعے پر عباس نے اپنی دوسری وکٹ بھی حاصل کی۔

بنگلادیش کی تیسری وکٹ 63 رنز پر گری، جسے خرم شہزاد نے اپنے نام کیا، پہلے سیشن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے تھے۔دوسرے سیشن میں بھی پاکستانی بولرز نے دباؤ برقرار رکھا اور چائے کے وقفے تک بنگلادیش کے 6 کھلاڑی 168 رنز پر پویلین واپس جاچکے تھے۔

تاہم آخری سیشن میں لٹن داس نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی، انہوں نے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو 278 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔بنگلادیش کی جانب سے دیگر نمایاں بیٹرز میں نجم الحسن شانتو 29، تنزید حسن 26، مشفق الرحیم 23، مومن الحق 22 اور تیج الاسلام 16 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاکستان نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے، اوپنرز اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 8 رنز کے ساتھ دوسرے روز بیٹنگ دوبارہ شروع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button