
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے۔ وہ تعلیمی ادارے جو بچوں کی نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی، ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں ک اجاگر کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں، درحقیقت معاشرے کی حقیقی خدمت انجام دیتے ہیں۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا میں منعقد ہونے والی سالانہ شاندار تقریبِ تقسیمِ انعامات بھی اسی خوبصورت روایت کی عکاس تھی، جہاں طلباء کی محنت، اساتذہ کی لگن اور والدین کی امیدوں کو ایک خوبصورت انداز میں سراہا گیا۔
تقریب کا ماحول انتہائی پُروقار، خوشگوار اور تعلیمی جذبے سے بھرپور تھا۔ سکول ہذا کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا جبکہ طلباء و طالبات کے چہروں پر خوشی اور اعتماد نمایاں دکھائی دے رہا تھا۔ تقریب میں ضلع خوشاب کی ممتاز تعلیمی شخصیات نے شرکت کرکے اس تقریب کو مزید باوقار بنا دیا۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں سی ای او ایجوکیشن خوشاب محمد عیسیٰ لالی، ڈی ای او سیکنڈری محمد یاسین ساجد، ڈی ای او ایلیمنٹری فیض الحسن ملک، ڈی ای او وومن ونگ امانت جسرا اور ڈپٹی ڈی ڈی ای او ظہیر عباس بھٹی شامل تھے۔ اس کے علاوہ سابق ڈپٹی ڈی ای او ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو، سینئر ہیڈماسٹر ملک امتیاز حسین بوڑانہ، پروفیسر ملک عبدالقیوم جاڑا، ہیڈماسٹر ملک حاجی اختر حسین کلو اور سیکرٹری تعلیمی بورڈ سرگودھا نے بھی خصوصی شرکت کرکے تقریب کی رونق بڑھائی۔
تقریب کی نظامت اے ای او ملک محمد امتیاز نسیم اور ٹیچر محمد فیضان نے انتہائی خوبصورت اور مؤثر انداز میں سرانجام دی۔ ان کی شاندار اندازِ گفتگو نے شرکاء کو تقریب کے اختتام تک محظوظ کیے رکھا۔
بچوں نے پی ای ٹی حافظ فہیم الرحمان کی زیر نگرانی نہایت متاثرکن اور دلکش ٹیبلو پیش کیے جنہوں نے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ بچوں کی پرفارمنس میں قومی جذبہ، اخلاقی اقدار اور تعلیمی شعور نمایاں تھا۔ ننھے طلباء کی صلاحیتیں دیکھ کر یہ احساس مزید مضبوط ہوا کہ دیہی علاقوں کے بچے بھی بے پناہ ٹیلنٹ رکھتے ہیں، ضرورت صرف ان کی مناسب رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ہے۔
تقریب کے دوران نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں طلباء کی محنت کو سراہتے ہوئے اساتذہ کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ کامیاب قومیں ہمیشہ تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بناتی ہیں۔ انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ یہی بچے مستقبل میں ملک و قوم کا سرمایہ ثابت ہوں گے۔
مہمانانِ خصوصی کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ طلباء نے پھول پیش کیے جبکہ سکول انتظامیہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں موجود والدین اور معززینِ علاقہ نے سکول کی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اساتذہ کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
یہ تقریب اس بات کا واضح ثبوت تھی کہ اگر تعلیمی اداروں میں محنت، جذبہ اور خلوص موجود ہو تو محدود وسائل کے باوجود بہترین نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا کی یہ تقریب نہ صرف بچوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنی بلکہ اس نے پورے علاقے میں تعلیم دوست ماحول کو بھی فروغ دیا۔
بلاشبہ ایسی تقریبات طلباء میں خوداعتمادی پیدا کرنے، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مزید محنت کرنے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ امید کی جا سکتی ہے کہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھا مستقبل میں بھی تعلیمی میدان میں اسی طرح نمایاں کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا۔















