بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کا شہباز شریف کو خط

چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو خط لکھ کر ان کے صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بیورو آف ساؤتھ اینڈ ساؤتھ ایسٹ ایشیائی امورکی جانب سے شہباز شریف کو خط ارسال کیا گیا ہے۔

خط میں شہباز شریف کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر پر اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیہ کلمات کہے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ شہباز شریف سیاسی منظر نامے میں ایک قد آور اسٹیٹس مین اور چین کے دیرینہ دوست ہیں۔

بیورو آف ساؤتھ اینڈ ساؤتھ ایسٹ ایشیائی امورکے ڈی جی کی جانب سے خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ شہباز شریف نے دونوں جماعتوں اور ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے کوششیں کیں، کورونا وبا کے دوران کمیونسٹ پارٹی اور  مسلم لیگ ن شانہ بشانہ کھڑے ہوئے، دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کی حمایت کی جس سے ہمارے درمیان اور بھی قربت آئی۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں چین کی طرف سے آپ کی جماعت کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں، دعا ہے کہ پاکستان اس وبا کو جلد شکست دے۔

کمیونسٹ پارٹی کے رہنما کی جانب سے شہباز شریف کو خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر شہباز شریف کے تہنیتی پیغام کا خیر مقدم کرتے ہیں، چین ان اچھی یادوں کو ہمیشہ خوشی سے یاد کرتا ہے۔ 

Back to top button