بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کرپٹو نے دھوکے کی ایک نئی جہت متعارف کروا دی ،ڈی جی ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی نے کہا کہ ایجنسی کرپٹو کرنسی میں کام کرنے والی ویب سائٹس کو بلاک کرنے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے رجوع کرے گی تاکہ دھوکہ دہی اور ممکنہ منی لانڈرنگ کو روکا جاسکے۔

رپورٹ کے مطابق سائبر کرائم سرکل آفس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر حکام کی ٹیم کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایف آئی اے کے سربراہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے حکام نے ریگولیٹری میکانزم کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔

اسٹیٹ بینک کی ٹیم نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ مرکزی بینک نے سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات کے تحت حال ہی میں کرپٹو کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کے لیے سفارشات پیش کی ہیں۔

ثنا اللہ عباسی نے کہا کہ کرپٹو کرنسیوں سے پیدا ہونے والے فراڈ اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے قانونی ماہرین سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ کرپٹو نے دھوکے کی ایک نئی جہت متعارف کروا دی ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا نے کرپٹو کرنسی کو قانونی قرار دیا ہے لیکن چین اور دیگر ممالک میں اس پر پابندی ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ ہمیں بنیادی طور پر دھوکہ دہی اور ممکنہ منی لانڈرنگ کے پہلوؤں پر تشویش ہے۔

Back to top button