بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ آرمی پبلک کے 7  سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی۔

سانحہ آرمی پبلک اسکول پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کا دن پوری پاکستانی قوم کو کرب ناک سانحے کی یاد دلاتا ہے، بزدل شرپسند عناصر نے قوم کے مستقبل، نہتے کمسن بچوں پر حملہ کرکے انہیں شہید کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن آرمی پبلک اسکول کے بہادر اساتذہ کی یاد دلاتا ہے، وہ اساتذہ اپنے طالبعلموں کی حفاظت کیلئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئے اور ان بہادر اساتذہ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

عمران خان نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب یا قوم نہیں ہوتی، دہشت گردی کے پیچھے بزدلانہ سوچ ہوتی ہے، بزدلانہ سوچ ناپاک سیاسی عزائم پورے کرنے کیلئے نہتے کمسن پچوں کو بھی استعمال کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں، اس سانحے کے بعد پاکستانی قوم کے حوصلے پست ہونے کی بجائے دہشت گردی کیخلاف مزید بلند ہوئے، پوری قوم متحد ہوئی اورہم نے نیشنل ایکشن پلان سے دشمنوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کرنشانہ بنایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کویقین دلاتا ہوں کہ دشمن پاکستانی قوم کے حوصلوں کو کبھی پست نہیں کر سکتا، آج کے دن عہد کرے کہ پوری قوم متحد رہے گی اور فرقہ ورانہ، مذہبی اور نسلی تعصب پھیلانے والوں کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا قائداعظم کا فرمان ہے کہ دنیا میں ایسی کوئی طاقت نہیں جو پاکستان کو نقصان پہنچا سکے۔

Back to top button