بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سمندری طوفان ’شاہین عمان کی جانب بڑھنے لگا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’شاہین‘ تشکیل پاچکا ہے تاہم وہ عمان کی جانب بڑھ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان شاہین سے متعلق 5 واں الرٹ جاری کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں سمندری طوفان شاہین بن گیاجو کراچی کے جنوب مغرب سے 280 کلومیٹر دور، اورماڑہ سے 230 اور گوادر سے 470 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان مغرب اور جنوب مغرب سے ہوتا ہوا عمان کی جانب بڑھ رہاہے، سمندری طوفان مکران کی ساحلی پٹی کے قریب سے گزرے گا جس سے گودار ،لسبیلہ، آواران، کیچ میں 3 اکتو بر تک گرج چمک اور  تیز  ہواؤں کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ خضدار اور  بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی 3اکتو بر تک کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ کراچی ،حیدرآباد ، ٹھٹھہ، بدین اور دیگر علاقوں میں کل تک کہیں کہیں تیز  ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر میں 3 اکتوبر تک طغیانی کی صورتحال رہے گی لہٰذا ماہی گیروں کو 3 اکتوبرتک سمندر میں نہ جانےکی ہدایت کی جاتی ہے۔

تیزبارشوں سے لسبیلہ، اورماڑہ، پسنی، گوادر، تربت اور جیوانی میں اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے جبکہ  تیز ہوائیں کمزور  تعمیرات کو نقصان پہنچاسکتی ہیں۔

Back to top button